یو ٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی بروقت فراہمی کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ، وفاقی وزیر مرتضیٰ محمود

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ یو ٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مینجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن محمد علی عامر اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ سے متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ اور ایم ڈی یو ایس سی نے وزیر کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی۔ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو خوراک کی اشیاء کیسے فراہم کی جائیں،اس حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ملاقات میں وزارت کے وفاقی سیکرٹری امداد اللہ بوسال بھی موجود تھے۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ کو اس کی کل 345000 راشن بیگز کی طلب کو پورا کرنے کیلئے روزانہ 25000 راشن بیگ فراہم کئے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء پی ڈی ایم اے سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ زیادہ تر بڑے علاقے لاڑکانہ اور سیہون کے درمیان رابطہ سڑکیں بری طرح ٹوٹ چکی ہیں تاہم حیدر آباد اور کراچی کے درمیان کے علاقے میں راشن بیگ تقسیم کرنا آسان ہے۔

یو ٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی بروقت فراہمی کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ، وفاقی وزیر مرتضیٰ محمود